پٹنہ3جون(آئی این ایس انڈیا)جھارکھنڈ وکاس مورچہ (جھاومو)کے صدر اور جھارکھنڈ کے سابق وزیراعلیٰ بابو لال مرانڈی نے جمعہ کو کہا کہ بہار کے وزیراعلیٰ نتیش کمار میں وزیر اعظم نریندر مودی کا اختیار بننے کی صلاحیت ہے۔انہوں نے کہا کہ نتیش میں وزیر اعظم بننے کی ساری خصوصیات موجود ہیں۔نتیش کمار سے ملنے پہنچے مرانڈی نے نامہ نگاروں سے کہا کہ نتیش نے مرکزی حکومت میں کئی عہدوں پر کام کیاہے اور وہ بطور وزیر اعلی بہار میں ممکنہ کام کر رہے ہیں۔جھاومو اور جنتا دل (یونائیٹڈ)کے انضمام کے سوال پراگرچہ مرانڈی نے کھل کر کچھ نہیں بولا لیکن انہوں نے کہا کہ اتحاد بنے گا یا انضمام ہو گا، جو کچھ بھی ہوگا، اسے آپ لوگوں کو بتا دیا جائے گا۔انہوں نے مرکزی حکومت پر وفاقی ڈھانچے کو بگاڑنے کا الزام لگاتے ہوئے کہا کہ بی جے پی چاہتی ہے کہ صرف وہی اقتدار پر قابض رہے۔انہوں نے جھارکھنڈ کی مثال دیتے ہوئے کہا کہ حکومت بنانے سے پہلے اور حکومت بنانے کے بعدتک بی جے پی نے جھاومو کے8 ممبران اسمبلی کو توڑا اور کچھ کو وزیر تو کچھ کو کارپوریشن اور بورڈ کا صدر بنا دیا۔انہوں نے تمام سیکولر جماعتوں سے ایک پلیٹ فارم پر آنے کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ فرقہ پرست طاقتوں سے لڑنے کے لئے تمام جماعتوں کو ایک ساتھ مل کر کام کرنے کی ضرورت ہے۔